اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان بار کونسل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں کی جانب سے بھجوائے گئے خط میں عائد الزامات کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے حاضر سروس ʼʼججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن ʼʼکی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے جبکہ بعض شرپسند عناصر کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں کے خط کی آڑ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ،عامر فاروق کے استعفے کے مطالبے اور ان کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے اقدامات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے قراردیاہے کہ یہ مطالبہ ان لوگوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے جو عدلیہ میں تقسیم چاہتے ہیں، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین،ریاضت علی سحر کی زیر صدارت ، جمعہ کے روز ہنگامی اجلاس منعقد ہوا،جس میں عدالتی امور میں خفیہ اداروں کی مداخلت کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے6 ججوں کے خط پر غور کیاگیا ،اجلاس میں چیف جسٹس اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ ،کے استعفی کے مطالبہ کو ایک ناجائز مطالبہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کے استعفے کا مطالبہ نہ صرف عدلیہ کو کمزور کرے گا بلکہ موجودہ مسائل کو حل کرنے میں بھی ناکامی ہوگی ۔