• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عائزہ صغیر

میک اپ کرنے اور سجنے سنورنے کا شوق کچھ خواتین کو زیادہ ہوتا ہے اور کچھ کو کم۔ لیکن عید کے موقعے پر ہر خاتون کا دل چاہتا ہے کہ وہ بھی میک اپ کرے، زیور پہنے اور دل کیوں نہ چاہے تہوار کا دن ہوتا ہی خوشیاں منانے اور اپنے آپ کو منفرد بنانے کے لیے۔ عید کے موقعے پر آپ کا تازہ دم نظر آنا، آرائش حسن کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے ،کیوں کہ چہرے کی شگفتگی لباس کے ساتھ ہم آہنگ ہوکر شخصیت کو جاذبیت دیتی ہے۔

خوشیوں بھرے اس موقع پر ضروری ہے کہ دیگر تیاریوں کے ساتھ اپنے چہرے اور میک اپ کونظر انداز نہ کیا جائے اور اگر کچن کی ذمہ داریاں آپ نے سنبھالی ہیں تو عید کی صبح آرائش حسن کے لیے وقت نکالنا خاصا مشکل ہوسکتا ہے۔

اسی لیے ہم آپ کو چند ایسے طر یقے بتارہے ہیں، جو آپ چاند رات کو کرسکتی ہیں، تو صبح تک چہرے کی شادابی برقرار رہے گی اور یہ کوئی زیادہ مشکل کام بھی نہیں ہے ، نہ ہی اس کے لیے بیوٹی پارلر جانےکی ضرورت ہے، بس تھوڑی سی توجہ، محنت سےعید کے پر مسرت موقعے پر تروتازہ اورخوب صورت نظر آیا جاسکتا ہے۔ 

ذیل میں ہماری بتائی چند ہدایات پر عمل کریں اور عید کے دن نظر آئیں نکھری نکھری، تازہ دم جیسے ابھی بیوٹی پارلر سے آئی ہوں۔

……کلینزنگ ……

سب سے پہلے چہرے کو کسی اچھے سے فیس واش سے دھو کر اور پھر تولیے سے خشک کر لیں۔ پھر چہرے پر کلینزنگ مِلک لگائیے اور اوپر سے دو انگلیوں کی مدد سے دائروں کی شکل میں نرمی سے مساج کریں، پھر نیچے سے اوپر کی سمت چاروں انگلیوں سے مساج کریں۔ آنکھوں کے گرد بھی ہلکے ہاتھ سے مساج کریں۔ تھوڑی دیر بعد ٹشو لے پیپر سے چہرے پر لگی تمام کریم صاف کر لیں۔ اس طرح تمام میل ٹشو پیپر پر نکل آئے گااور رنگت دمک اُٹھے گی۔

اس کے بعد روئی پر ٹونر لگا کر اس سے چہرے کی صفائی کریں۔ تمام رہی سہی کریم بھی صاف ہو جائے گی پھر دوبارہ چہرے پر معیاری فیشل کریم لگا کر اس کا مساج کریں اور تقریباً 5 سے 7 منٹ تک اسٹیم لیں، تا کہ اچھی طرح سے پسینا نکلے۔ اب چہرے کو نرم تولیے سے خشک کر لیں اور پھر برف سے ٹکور کر لیں۔ اس طرح آپ کا چہرہ صاف ہوجائےگا اور آپ کی اسکن بھی چمک اُٹھے گی۔

……ماسک ……

کلینزنگ کے بعد ماسک لگانا ضروری ہے، اس لیے جو بھی ماسک آپ کے چہرے کو سوٹ کرتا ہے، لگالیں اور اس دوران آنکھوں پر آلو یا کھیرے کے قتلے بھی لگا لیں۔ چند منٹوں بعد جب ماسک خشک ہو جائے تو چہرے سے اُتار لیں اور چہرے پر کوئی اچھا سا اسکن ٹانک یا پھر موئسچرائزنگ لوشن لگا لیں۔اس طرح آپ کا چہرہ تروتازہ ہو جائے گا۔

…… میک اپ……

عید کے دن روز زرق برق ملبوسات زیب تن کرنے ساتھ ساتھ چہرے کا پر رونق ہونا بھی ضروری ہے۔ اس کے لیے سلیقے سے میک اپ کرنا ضروری ہے جو آپ کے حُسن کو چار چاند لگا دے گا۔ ذیل میں آپ کو میک اپ کے بارے میں چنداہم باتیں بتائی جارہی ہیں۔

……بیس……

اپنی جلد کی رنگت سے میل کھاتے فائونڈیشن سے بیس بنائیں۔ اگر گردن کی رنگت سے میل کھاتا کریمی یا اسٹک فائونڈیشن لگائیں تو زیادہ اچھا رہے گا۔ اسٹک چہرے پر لگاتے وقت اس بات کا دھیان رکھنا ضروری ہے کہ اسے ایک تہہ کی شکل میں نہ لگا ئیں، ورنہ مصنوعی پن ظاہر ہوگا، بیس کو قدرتی لگنے کے لیے انگلیوں کی پوروں یا اسفنج کو ہلکا سا نم کر کے پھیلا کر لگائیں، اس کو تھوڑا سے اوپر گالوں کی طرف لے جا کر پھیلائیں، اور اچھی طر ح بلینڈ کریں، تاکہ کوئی دھبہ نہ رہے ۔کانوں اور گردن پر بھی فاؤنڈیشن ضرور لگائیں ورنہ ان کی رنگت چہرے سے متضاد لگے گی۔

……کنسیلر……

بعض خواتین کی آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے ہوتے ہیں، اس کو چھپانے کے لیے کنسلیر کا استعمال کریں۔ چہرے پر موجود چھائیوں اور داغ دھبوں کو بھی کنسلیر سے چھپایا جاسکتا ہے۔

…پاؤڈر……

اس کے بعد چہرے پر برش کی مدد سے لوز پائوڈر لگائیں، اگر پائوڈر کی رنگت سنہری یا زردی مائل ہو تو چہرے کی دل کشی میں اضافہ ہوگا۔ پاؤڈر کا استعمال چہرے کی رنگت کے مطابق بھی کیا جا سکتا ہے۔ بے رنگ پائوڈر بھی اچھا تاثر دیتا ہے۔ میک اپ پر دھبوں سے بچنے کے لیے برش کی مدد سے چہرے کا فالتو پائوڈر ہٹادیں۔ لوز پاؤڈر لگانے سے بیس دیر تک صحیح رہتی ہے۔

……آئی شیڈ و……

میک اپ میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل آنکھوں کا میک اپ ہوتا ہے ۔واضح رہے جس رنگ کے آپ کے کپڑے ہوں، اسی سے ملتے جلتے میٹ آئی شیڈو استعمال کریں۔ اگر آپ کو رات کی دعوت میں جانا ہے تو گہرے یا اسموکی رنگوں کا استعمال کریں ،تاہم دن کی تقریب میں ہلکے اور ٹھنڈے رنگوں کے آئی شیڈاستعمال کریں۔

آنکھوں کے پپوٹوں پر زردرنگ کے چمکدارآئی شیڈکی بالکل ہلکی سی تہہ لگائیں اور کافی دیر تک بلینڈ کریں۔ بھنوؤں کے نچلے حصے پر ہلکا رنگ استعمال کریں، قدرتی انداز دینے کے لیے وہاں زرد اور سنہری رنگت کا استعمال مناسب رہے گا۔ اب آئی لائنر لگائیں، لائنر تین طر ح کے آتے ہیں (کیک، لیکوئیڈ اور پینسل) آپ اپنی مرضی سے کوئی سابھی استعمال کرسکتی ہیں ۔ کیک لائنر پپوٹوں کے ساتھ ساتھ برش کی مدد سے پتلی لائن کی صورت میں لگائیں۔ دن کی دعوت میں براؤن رنگ کا لائنر لگائیں۔ نچلی پلکوں پر کاجل بھی لگایا جا سکتا ہے۔

……مسکارا……

اس کو لگانے سے آنکھوں کی دل کشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک بار مسکارا پلکوں پر برش کی مدد سے لگائیں، جب سوکھ جائے توبرش کو اوپر کی جانب خم دیتے ہوئے دوسرا کوٹ کریں۔ اس طرح پلکیں گھنی اور نوکیلی لگیں گی۔ آج کل ہر رنگ کے مسکارے ملتے ہیں۔ اس لیے آنکھوں پر لباس کی مناسبت سے یا کالے رنگ کا مسکارا بھی لگایا جا سکتا ہے۔

……بلش آن……

اگر آپ پاؤدر بلش آن استعمال کر رہی ہیں تو اپنے گالوں کو ہلکا سا اندر کی طرف کر لیں اور پھر نیچے سے اوپر کی طرف بلش آن لگائیں اور آنکھوں کے کناروں تک لے جائیں۔ اسی طرح اگر آپ کریمی بلش آن لگارہی ہیں تو چند ڈاٹس لگائیں اور ہلکا سا مسکرائیں اور اس کو انگلی کی مدد سے پھیلا لیں۔

……لپ اسٹک……

یہ پورے میک اپ میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔اس کے بغیر میک اپ مکمل نہیں ہوتا ۔اس کا انتخاب کپڑوں کے رنگ کی مناسبت سے کیا جائے تو زیادہ اچھا رہے گا۔ ویسے آج کل تو ہر رنگ کی لپ اسٹک آسانی سے مل جاتی ہے۔ لپ اسٹک لگانے سے پہلے ہونٹوں پر ہلکی سی گلیسرین لگائیں ،اسے لگانے سے نمی بر قرار رہتی ہے، اب فاؤندیشن کی تہہ لگا کر لپ پینسل سے آؤٹ لائن بنالیں۔ 

اگر موٹے ہونٹ ہیں تو ذرا سا اندر اور پتلے ہونٹ ہوں تو ذرا سی باہر کی طرف لائن بنائیں اور پھر صفائی کے ساتھ اندر کی طرف تھوڑی ہلکے رنگ کی لپ اسٹک لگائیں۔ چاہیں تو ہلکا سا شائنر لگا لیں یا پھر لپ گلوز بھی لگا سکتی ہیں۔ لپ گلوز لپ اسٹک کی خوب صورتی میں چار چاند لگادیتا ہے۔ آخر میں اپنے پورے چہرے کا اچھے سے جائزہ لیں اگر ضرورت محسوس ہوتو ہلکا سا فیس پائوڈر ٹچ دے دیں۔ یہ تومیک اپ مکمل ہوگیا۔ اب ہیئر اسٹائل اپنے چہرے اور پسند کے مطابق بنالیں۔