کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ رجسٹری نے محمود آباد ، اورنگی اور گجر نالہ کے متاثرین کو متبادل رہائش دینے کےحوالے سے چیف سیکرٹری کو پاکستان انجینئرنگ کونسل سے تین ہفتے میں رپورٹ منگوانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے گجر نالے کے مزید متاثرین کو نالے متاثرین کے لیے بنائے گئے فوکل پرسن سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر متاثرین کے نام فہرست میں ہیں اور معاوضہ اور پلاٹ نہیں ملا تو اس معاملے پر غور کیا جائے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دورکنی بنچ نے محمود آباد ، اورنگی اور گجر نالہ کے متاثرین کو متبادل رہائش دینے سے متعلق سماعت ہوئی۔ دوران سماعت چیف سیکرٹری نے بتایا کہ عدالتی حکم پر پاکستان انجینئرنگ کونسل کو خط لکھ دیا ہے ، مکان کی تعمیر کی لاگت کیلئے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رائےمانگی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے اجلاس میں متاثرین کے نمائندے کو بھی شریک ہونا چاہیے ؟ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کو آزادانہ طور پر خود فیصلہ کرنے دیا جائے، درخواست گزار کے وکیل کاکہناتھا کہ ٹاؤن پلاننگ کے ماہر عارف حسن یا عنبر علی کو ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ عدالت نے چیف سیکرٹری کو دو ماہ میں تعمیرات سے متعلق فیصلہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا جبکہ گجر نالے کے درجنوں مزید متاثرین نے معاوضے اور پلاٹ کے لیے متفرق درخواست دائر کی۔ متاثرین کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہمارے نام فہرست میں موجود ہیں لیکن معاوضہ اور پلاٹ نہیں دیا جا رہے ہیں۔