• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دعوتِ عید بنائیں کچھ چٹ پٹے، کچھ میٹھے اور منفرد پکوان

عظمٰی صغیر

عید کے موقع پر ہر چہرہ روشن اور دمکتا ہوا نظر آتا ہے، مہندی کی مہک، چوڑیوں کی کھنک، زرق بر ق ملبوس اور عید کے خاص الخاص پکوان ،شیر خورمے اور سویوں کی خوش بو ہر سو پھیلی ہوئی ہوتی ہے۔ اس پُر مسرت دن بچے، بوڑھے، مرد، خواتین نئے جوڑے زین تن کیے ہوئے ہوتے ہیں اور ان کے چہروں پر الگ ہی خوشی کا احساس ہوتا ہے۔ 

تہوار کے اس موقعے پر تقریباً ہر گھر میں دعوت ِعید کا اہتمام ہوتا ہے۔ یقیناً آپ سوچ رہی ہوں گی امسال دعوت میں کیا منفرد بنایا جائے۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم آپ کی مدد کردیتے ہیں۔ کچھ چٹ پٹے اور میٹھے پکوان کی تراکیب ذیل میں درج ہیں۔ بنا کر مہمانوں اور گھر والوں کے ساتھ عید کا مزہ دوبالا کریں۔

چکن کڑاہی

اجزاء: مرغی کا گوشت ایک کلو، تیل ایک پیالی ،پیاز ایک عدد، ٹماٹر دو عدد، لہسن ادرک پسا ہوا دو کھانے کے چمچے ،نمک حسب ِ ضرورت، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، بھنا کٹا ثابت دھنیا اور سفید زیرہ ڈیڑھ کھانے کاچمچہ، ادرک لمبی باریک کاٹی ہوئی دو کھا نے کے چمچے، کٹی ہوئی کالی مرچ ایک کھانے کا چمچہ، ہرا دھنیا سجاوٹ کے لیے، ایک لیموں کارس۔

ترکیب: سب سے پہلےتیل گرم کرکے پیاز کو لال کر لیں پھر اس میں مرغی ڈال کر بھونیں جب ہلکی سنہری ہوجائے تو اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کردیں اور ہلکا سابھون کر باریک کٹے ٹماٹر ڈال کر اتنا بھونیں کے ٹماٹر گل جائے اور چھلکا نظر نہیں آئے۔

اس کے بعد نمک، لال مرچ ڈال کر بھنا کٹا دھنیا اور زیرہ ،کٹی ہوئی ادرک اور کالی مرچ ڈال کر یک جا کرلیں اور آخر میں لیموں کا رس ڈال کر دس منٹ ڈھک کر چھوڑ دیں۔ نکالنے سے پہلے ہرا دھنیا ڈال دیں۔ مزیدار چکن کڑاہی تیار ہے۔

کشمیری کباب

اجزاء: قیمہ ایک کلو، انڈے دو عدد، سونف پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ،لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک ایک چائے کا چمچہ، دار چینی پائوڈر آدھا چائے کا چمچہ، زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، پیاز ایک عدد، سوکھا پودینا ایک کھانے کا چمچہ، مکھن دو کھانے چمچے۔

ترکیب: قیمے میں تمام مسالے ملاکر پیس لیں۔ اب اس میں کٹی ہوئی پیاز، انڈے اور دو کھانے کے چمچے مکھن شامل کرکے یکجا کرلیں۔ کباب تیار کرکے اسے دیگچی میں ڈال دیں دھیمی آنچ پر پکالیں۔ کشمیری کباب تیار ہیں۔

ملائی کوفتے گریوی

اجزاء: کوفتو کے لیے قیمہ ایک کلو، پیاز ایک عدد (چوپ کی ہوئی)، ہری مرچیں پانچ سے چھ عدد، ہرا دھنیا آدھی گڈی، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، خشخاش ایک چائے کا چمچہ، بھنے چنے ایک کھانے کا چمچہ ،ملائی تین کھانے کے چمچے، نمک حسبِ ذائقہ، گریوی کے لیے: پیاز دو عدد (سلائس کی شکل میں کات لیں)، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،پسا دھنیا ایک چائے کا چمچہ، پسی ہوئی ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، دہی آدھی پیالی، نمک حسب ِذائقہ ،تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: چوپر میں قیمہ، پیاز، ہری مرچیں ،ہرا دھنیا ، پسا ہوا گرم مسالہ، خشخاش، بھنے چنے اور نمک ڈال کر باریک پیس لیں۔ اس کے بعداس میں ملائی مکس کر کے کوفتے بنالیں۔ پھر سوس پین میں تیل گرم کرکے پیاز ڈال کر فرائی کریں۔ سنہری ہوجائے تو پلیٹ میں نکل لیں۔

اس کے بعد گرائینڈر فرائی کی ہوئی پیاز اور دہی ڈال کر گرائینڈ کر لیں۔ پھر اسی تیل میں دہی اور پیاز کا آمیزہ شامل کر کےدو سے تین منٹ تک پکائیں۔ پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی اور پسا ہوادھنیا، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور نمک ڈال کر بھون لیں۔ اب اس میں کوفتے شامل کر کے حسب ِ پسند گریوی کے لیے پانی شامل کردیں اور دس منٹ تک پکائیں۔ تیل اوپر آجائے تو چولہا بند کردیں۔سرونگ ڈش میں نکال کر پیش کریں۔

زعفرانی ہانڈی پلاؤ

اجزاء: مٹن ڈیڑھ کلو ،چاول ایک کلو، پسا ہوا ادرک لہسن دو چائے کے چمچے، پسی ہوئی سونف ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، سونف چھ عدد، زعفران ایک چٹکی، پیاز دو عدد، تیل حسب ِضرورت، نمک حسبِ ذائقہ، جائفل جاوتری حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: سب سے پہلے چاول صاف کر کے آدھے گھنٹے کے لیے بھگودیں ۔اس کے بعد ایک دیگچی میں گھی گرم کر کے پیاز سنہر ی کریں۔ آدھی پیاز نکال لیں، پھر اس میں مٹن، لہسن، ادرک اور تمام اجزا ڈال کر بھون لیں۔ اس کے بعد دو گلاس پانی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

مٹن گلنے کے بعد چاول ڈال دیں اور جب پانی خشک ہوجائے تو دم پر رکھ دیں۔ زعفران کو تھوڑی سے پانی میں بھگو دیں۔ سب سے آخر میں جائفل ،جاوتری اور تلی ہوئی پیاز اوپر سے ڈال شامل کردیں ۔مزیدار زعفرانی ہانڈی پلاؤ تیار ہے۔

بریانی

اجزاء: سچاول ایک کلو، چکن ڈیڑھ کلو، ہری مرچ دس عدد، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، پسی مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ، ہلدی چوتھائی چائے کا چمچہ، پسا ہوا دھنیا ڈیڑھ چائے کا چمچہ، لونگ چھ عدد، ہری الائچی چھ عدد، پانی دوکپ، پسی جائفل جاوتری چوتھائی چائے کا چمچہ، پسی ہری الائچی چوتھائی چائے کا چمچہ، تیز پتا ایک عدد، دارچینی دوٹکڑے،کالی مرچ دس عدد، کالا زیرہ آدھاچائے کا چمچہ، آلو بخارے آٹھ عدد، گھی آدھاکپ، تلی پیاز ایک کپ، لیموں سلائس ایک عدد، ٹماٹر سلائس ایک عدد، کٹی ہری مرچ چار عدد، دھنیا پودینہ حسبِ ضرورت

ترکیب: پہلے گوشت میں دو کپ پانی ڈال کر لہسن ادرک کا پیسٹ، ہری مرچ، نمک، پسی لال مرچ، ہلدی، لونگ، اور ہری الائچی ڈال کر پکائیں یہاں تک کہ گوشت گل جائے اور ایک کپ کے برابر پانی رہ جائے۔ اب اسی پین میں گوشت پرپسی جائفل جاوتری، پسی ہری الائچی، تیز پتا، دار چینی، کالی مرچ، لونگ اور کالا زیرہ ڈال دیں۔

اب ان پر حسبِ ضرورت ہرا دھنیا، پودینہ، ہری مرچ، لیموں، ٹماٹر، آلو بخارے اور دہی کا مکسچر ڈال کراوپر سے آدھا کپ گھی اور تلی پیاز ڈال دیں۔دوسری پتیلی میں چاولوں کو تین کھانے کے چمچےنمک ڈال کرابال لیں یہاں تک کہ وہ آدھے تیار ہوجائیں پھر چاولوں کو چھانتے ہوئے ان میں آدھا کپ پانی بچالیں۔

پھر گوشت چاولوں پر پھیلادیں اور ساتھ میں چاولوں کا پانی بھی ڈال دیں۔ اب اسے ڈھک کرتیز آنچ پر پانچ منٹ تک پکائیں اور پھر چولہے کی ہلکی آنچ کر کہ پندرہ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔ مزیدار بریانی تیار ہیں مختلف اقسام کے رائتے اورسلاد کے ساتھ پیش کریں۔

لب شیریں

اجزاء: دودھ ڈیڑھ لیٹر، چینی دوکپ، فریش کریم ایک کپ، ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلورتین کھانے کے چمچے، لال جیلی ایک پیکٹ، پیلی جیلی ایک پیکٹ، ہری جیلی ایک پیکٹ، ابلی رنگین سوئیاں ایک کپ، آم دو عدد، کیلےچار عدد، سیب تین عدد، انگور ایک کپ، آڑو ایک عدد، پستے، بادام ایک کپ۔

ترکیب: ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور کو تھوڑے سے پانی میں گھول لیں۔ دیگچی میں دودھ اور چینی ڈال کے ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب چینی اچھی طرح حل ہو جائے تو کارن فلور کو الگ پیالی میں ٹھنڈے دودھ کے ساتھ حل کریں۔ پھر اس مکسچر کو گرم دودھ میں شامل کرلیں اور اس دوران مسلسل چمچہ چلاتی رہیں اور اتنا پکائیں کہ کسٹرڈ گاڑھا ہوجائے۔

پھر اس کو ٹھنڈا کرلیں اور تھوڑا سا کسٹرڈ پیالے میں نکالیں پھراس میں کریم مکس کریں اور اس مکسچر کو فریج میں رکھ دیں۔ جیلی کو بناکے جمالیں اور جمنے کے بعد کیوب کی شکل میں کاٹ لیں۔ سارے پھلوں کو چھیل کر کاٹ لیں۔ پھر ایک پیالے میں سارے پھل، جیلی، رنگین اُبلی ہوئی سویاں ڈال کے اوپر کسٹرڈ ڈال دیں۔ پستے، بادام سے سجا کے ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔