کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) صدر پاکستان نے سندھ ہائیکورٹ کے 6ایڈیشنل ججز کو ہائیکورٹ کا مستقل جج بنانے کا حکم جاری کر دیا ، حلف برداری کی تقریب آج سندھ ہائی کورٹ میں منعقد ہوگی۔ عدالت عالیہ میں ججز کی تعداد 32 ہوگئی ، مطلوبہ تعداد میں اس وقت بھی ججز کی 8 اسامیاں خالی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کے احکامات کے بعد وزارت قانون نے ججز کے مستقل ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ مستقل ہونے والے ججز میں جسٹس امجد علی بویو، جسٹس ثنا اکرم منہاس ، جسٹس جواد اکبر سروانہ ، جسٹس محمد عبدالرحمن، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ارباب علی ہیکڑو شامل ہیں۔ مستقل ہونے والے ججز آج صبح چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کے ہاتھوں اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے سندھ ہائی کورٹ نے باضابطہ طور پر ایڈووکیت جنرل سندھ ، پراسیکیوٹر جنرل سندھ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، وائس چیئرمین سندھ بار کونسل، سمیت دیگر وکلاء برادری کو دعوت دیدی ہے۔