لاہور(آصف محمود بٹ ) محکمہ داخلہ پنجاب نے بہاولنگر واقعہ کی تحقیقات کے لئے سینئر افسران پر مشتمل 6رکنی جوائنٹ انکوائری ٹیم (جے آئی ٹی)تشکیل دے دی ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویز کے مطابق جے آئی ٹی کے کنوینر اسپیشل سیکرٹری داخلہ عطاءالرحمان ہونگے جبکہ دیگر ممبران میں کمشنر بہاولپور ڈویثرن، ڈی آئی جی سپیشل برانچ پنجاب کے علاوہ آئی ایس آئی ، ملٹری انٹیلی جنس اور انٹیلی جنس بیورو کے کم از کم گریڈ 19کے افسران شامل ہیں۔ جوائنٹ انکوائری ٹیم 8اپریل کے روز ضلع بہاولنگر کے تھانہ مدرسہ میں رفاقت ولد محمد انور کے گھر پولیس کے ریڈ اور پھر 9اور 10اپریل کو اسی طرح کے ناخوشگوار واقعات ہونے کی تحقیقات کرے گی۔ جے آئی ٹی کے تین ٹی او آرز بنائے گئے ہیں جن میں ان حالات کے بارے معلوم کرنا جن کے تحت پولیس پارٹی نے 8اپریل کو رفاقت ولد انور کے گھر چھاپہ مارا ، یہ معلوم کرنا کہ کن حالات کے تحت 10اپریل کو نا خوشگوار واقعات پیش آئے اور ایسی سفارشات مرتب کرنا جس سے مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے جوائنٹ انکوائری ٹیم کی تشکیل کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلی، آئی جی پولیس، سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی، سیکٹر کمانڈر ملٹری انٹیلی جنس 204سروے سیکشن، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو (پنجاب) ، ایڈیشل آئی جی پولیس( جنوبی پنجاب) ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ (پنجاب) اور آر پی او کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔