کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے حملے کا برابر جواب دیا جائے گا تاہم یہ جوابی کارروائی کس وقت ہوگی اس کا تعین نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وار کابینہ نے جارحانہ اور دفاعی کارروائی کیلئے منظوری دیدی ہے اور ایران کیخلاف کارروائی کیلئے اس کے فوجی اڈوں، بحری اڈوں اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، تاہم یہ کارروائی درست وقت آنے پر کی جائے گی۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر اسرائیلی ٹی وی کی رپورٹس وائرل ہو رہی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل اتوار اور پیر کی درمیانی شب کسی بھی وقت ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔ اسرائیلی وار کابینہ کے رکن بینی گانتز کا کہنا ہے کہ بات ابھی ختم نہیں ہوئی، وار کابینہ کو اجازت مل گئی ہے کہ ایرانی حملے کا جواب دیا جائے۔