• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر تانبا کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، وزیر داخلہ

لاہور (نمائندہ جنگ، اے پی پی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عامر تانبا کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، پہلے بھی بھارت 4قتل کی واردات میں ملوث رہ ہوچکا ہے، بہاولنگر واقعہ کو بڑا یشو بنانے کی ضرورت نہیں، بلوچستان میں انسانی اسمگلنگ اور8پنجابی لوگوں کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں، حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں افغانستان کی زمین استعمال ہونے کے ٹھوس شواہد ملے ہیں، آزادی رائے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے ʼلیکن سوشل میڈیا پر الزام تراشی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایف آئی کی خالی آسامیوں میں بھرتی کے عمل کو بھی جلد مکمل کیا جائیگا، سندھ پولیس کے مثبت اقدامات سے کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں واضح کمی ہوئی ہے، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ʼجرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عامر تانبا حملہ کیس کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، واقعہ کی کڑیاں بھارت میں جا کر ملتی ہیں، بھارت پاکستان میں قتل کی وارداتوں میں براہ راست ملوث رہا ہے بھارت پہلے بھی 4 قتل کی واردات میں ملوث رہ چکا ہے، تاہم واقعہ کی تحقیقات مکمل سے پہلے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہاکہ دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جرائم کے خاتمہ کے لیے اگر قانون سازی کرنا پڑی تو ضرور کریں گے تاکہ جرائم پیشہ افراد سزا سے نہ بچ سکیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ آزادی رائے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے لیکن سوشل میڈیا پر الزام تراشی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اگر کسی پر الزام تراشی کی جائے تو اس الزام کو ثابت بھی کیا جانا چاہیے۔

ملک بھر سے سے مزید