• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کور کمانڈرز کانفرنس، فوج اور عوام میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش ناکام بنانے کا عزم، فلسطینیوں سے یکجہتی کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ

راولپنڈی(اے پی پی)کورکمانڈرزکانفرنس نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات لگاناایک وتیرہ بن چکا ہے‘ ان بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے‘ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اِس کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی شدید مذمت کی ، فورم نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اگر فریقین نے فوری طور پر کشیدگی کو کم نہ کیا تو ایک وسیع علاقائی تنازع جنم لے سکتا ہے۔ فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 264 ویں کور کمانڈر ز کانفرنس منعقد ہوئی ۔آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں۔مسلح افواج پاکستان سے دہشتگردی کے اس خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ فورم کو بریفنگ دی گئی کہ کس طرح افغانستان سے سرگرم دہشتگرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں ۔فورم کوبتایا گیا کہ یہ دہشتگرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات بالخصوص سی پیک کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید