ملتان (سٹاف رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے اخراج مقدمہ کی رٹ درخواست پر اینٹی کرپشن لیہ کے حکام سے ایک ہفتہ میں معاملہ پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ عدالت عالیہ میں اخراج مقدمہ کی رٹ درخواست دائر کرتے ہوئے فیض محمد نے موقف اختیار کیا کہ اس کے خلاف اینٹی کرپشن لیہ کے حکام نے ایک مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ مقدمے کے مدعی اللہ دتہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ میں نے یونین کونسل لیہ سے جعل سازی سے محمد یوسف کلاچی کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ حاصل کیا ہے ۔ یہ ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جعلی ہے ۔ اور اس سرٹیفیکیٹ کے ذریعے یوسف کی جائیداد کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے ۔ مدعی کے مطابق یوسف کلاچی کا ایران میں انتقال ہو چکا ہے جبکہ حقائق اس کے برخلاف ہیں ۔ سائل نے کوئی بھی ایسا سرٹیفیکیٹ جعل سازی سے حاصل نہیں کیا ۔ اینٹی کرپشن حکام نے اللہ دتہ کہ بیان پر بنا تفتیش کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ دریں اثنا ہائی کورٹ نے پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کی جانب سے اسکی بیوی کو سسرالیوں کی جانب سے حبس بے جا میں رکھنے کی رٹ درخواست پر اسے بطور زر ضمانت 25 ہزار روپے جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے ۔ نوجوان کی جانب سے زرضمانت جمع کرانے پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ محمد شہاب نے موقف اختیار کیا کہ اس نے پسند سے سمعیہ بی بی سے 27 مارچ کو شادی کی ۔ سمعیہ کے والدین خوش نہ تھے ۔ تا ہم بعد ازاں وہ رخصتی کے بہانے سمعیہ کو گھر لے گئے اور قید کر لیا ۔ خاتون کو برآمد کرایا جائے ۔