اسلام آباد ( رپورٹ حنیف خالد ) پاکستان ریلوے آج اتوار سے اٹک سفاری ٹرین کا آغاز کرے گی جس کا افتتاح ایک اعلیٰ شخصیت کرے گی ،ٹرین ہر اتوار کو راولپنڈی ریلوے سٹیشن سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو 9گھنٹے کی سیرو سیاحت کرایا کریگی اٹک سفاری ٹرین ہر اتوار کو راولپنڈی ریلوے سٹیشن سے اٹک خورد ریلوے سٹیشن تک چلے گی جس میں غیر ملکی سفارتکار اور ملکی سیاح سوار ہوا کرینگے۔ اٹک سفاری ٹرین آج سے اتوارکی صبح ساڑھے 8بجے راولپنڈی سے روانہ ہوا کرے گی اور 8بجکر 55منٹ پر گولڑہ شریف سٹیشن پہنچے گی ۔ٹورسٹ کو بریک فاسٹ مہیا ہوگا۔ 9بجکر 55منٹ تک سیاحوں کو ریلوے میوزیم کی دو گیلریوں کی سیر کرائی جایا کرے گی۔ گولڑہ شریف ریلوے سٹیشن سے اٹک سفاری ٹرین 10بجے اگلی منزل حسن ابدال کیلئے روانہ ہوا کرے گی ۔ گولڑہ شریف سے حسن ابدال ریلوے سٹیشن کا سفر 45منٹ کا ہوگا۔ 10بج کر 45منٹ سے 11بج کر 10منٹ تک سیاحوں کیلئے حسن ابدال میں ہارس شو ہوا کرے گا۔ ٹرین حسن ابدال سے سوا گیارہ بجے اگلی منزل اٹک خورد کیلئے روانہ ہوا کرے گی جہاں کا سفر ایک گھنٹے 10منٹ میں طے ہوگا۔ ساڑھے 12بجے سے ایک بجے تک سیاح اٹک میوزیم دیکھا کرینگے ۔ ڈیڑھ بجے سے2بجے تک سیاحوں کو ظہرانہ پیش ہوا کرے گا۔2بجے سے ساڑھے 3بجے تک ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو کشتی رانی ، گھڑ سواری ، اونٹ سواری وغیرہ سے محظوظ ہونے کا موقع ملےگا۔