کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف علی خورشیدی نے سندھ میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں صوبائی وزراء اور پولیس کی ملی بھگت سے ڈاکو راج قائم ہے اورسندھ کی صوبائی کابینہ میں موجود افراد کے ڈاکوؤں اور راہزنوں کے بڑے گروہ سے رابطے ہیں، صوبائی وزراء ڈاکوؤں، چوروں اور قاتلوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پولیس پروٹوکول دلواتے ہیں،صوبائی وزراء کی ایماء پر جدید اسلحہ اور مغویوں کی منتقلی کیلئے بھی پولیس کی وین استعمال کیلئے ڈاکوؤں کو فراہم کی جاتی ہیں، جیکب آباد میں ایسا ہی ایک واقع ہوا ہے جس میں پولیس وین اور ویگو وین میں ڈاکوؤں کا اسلحہ منتقل کیا جارہا تھا اورایس ایس پی جیکب آباد نے ڈاکوؤں کا اسلحہ صوبائی صلاح کار میر بابل بھیو کے بیٹے کے ساتھ پکڑا،اب سندھ کی صوبائی حکومت ایس ایس پی جیکب آباد پر سیاسی دباؤ ڈال کر معاملہ تبدیل کردیگی۔