کراچی(اسٹاف رپورٹر)لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر خودکش حملے سے متعلق مقدمات سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلئے، مقدمات ایس ایچ او شرافی گوٹھ کی مدعیت میں درج کئے گئے،مقدمہ میں دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمے میں ہلاک دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈز اور سہولت کاروں کو بھی نامزد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ تھانے کی حدود لانڈھی مانسہرہ کالونی میں جمعہ 19 اپریل کو ہونے والی دہشت گری کے واقعہ کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیراریزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی ) کراچی تھانے میں درج کر لئے گئےہیں، مقدمات خودکش حملہ ، دہشتگردوں سے ملنے والے اسلحےاوردھماکا خیز مواد اور گرنیڈز کے دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں ،مقدمہ میں کہاگیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعے میں غیر ملکیوں کے زیر استعمال تین گاڑیوں اور ایک سوزوکی پک اپ اور ایک موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا۔