کراچی (اسٹاف رپورٹر ) انگلش میڈیاکا کہنا ہے کہ بھارت میں مودی حکومت نے تاحال پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کی اجازت نہیں دی ہے، دونوں حکومتوں کی جانب سے نیوٹرل وینیو پر راضی ہونے کی صورت میں لارڈز ٹیسٹ میچ کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔ سرے اور واروکشائر کے نمائندگان نے بھی پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے، سرے چیف ایگزیکٹو اسٹیو ایلورتھی کا کہنا ہے کہ ہم پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے موقع کو تلاش کر رہے ہیں، سیریز کی تجویز کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔ چیف ایگزیکٹو وارکشائر اسٹیورٹ کین نے کہا کہ یہ سیریز شاندار ہوگی ، انگلینڈ نے حالیہ چند سالوں میں چند نیوٹرل ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کی ہے جہاں بڑی تعداد میں تماشائی آئے تھے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری بار ٹیسٹ سیریز 2007 میں بھارت میں ہوئی تھی۔2012-13 میں پاکستان ٹیم نے مصباح الحق کی کپتانی میں بھارت میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلے تھے ۔ 2008 میں بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے آخری بار کراچی آئی تھی۔