• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھوٹکی، مبینہ مقابلے میں ڈاکو ہلاک، پولیس اہلکار شہید، دو اغواء

گھوٹکی(اقبال صدیقی نامہ نگار)گھوٹکی کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، ڈاکوؤں نے ساتھی کا بدلہ لینے کیلئےتھانہ آندل سندرانی کی چوکی نمبر 5 پر دہاوا بول کر فائرنگ کردی، ایک پولیس اہلکار کو شہید کردیا اور دو کو اغوا کرکے لے گئے، ڈاکو پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی لے گئے ۔تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے قریب کچو بنڈی تھانے کی حدود میں پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ڈاکو پولیس چوکی پر حملہ کرنے والے ہیں ،جس پر ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ پہنچ کر چوکی کے گرد تاک لگا کر بیٹھ گئے، بعد ازاں ڈاکو موٹر سائیکل پر آتے دیکھ کر پولیس نے فائرنگ کردی ،ایس ایس پی گھوٹکی کے ترجمان کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو مارا گیا، جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا زخمی ڈکیت کو اس کے دیگر ساتھی اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے جبکہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈکیت کو گھوٹکی کی اسپتال منتقل کیا گیا ۔دوسری جانب مبینہ پولیس مقابلہ میں ڈاکو کی ہلاکت اور ایک کو زخمی کرنے کے بدلے میں ڈاکوؤں نے تھانہ آندل سندرانی کی چوکی نمبر 5 پر دہاوا بول کر ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار شاہ علی سیال شہید ہوگیا جبکہ ڈاکو دو پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے مبینہ طور پر سرکاری اسلحہ بھی لے گئے، پولیس کے مطابق مسلح ڈاکوؤں حملے کے دوران اہلکار محمد خان گبول اور قیصر کلہوڑو کو یرغمال بنا کر اپنے ہمراہ اغوا کرکے لے گئے ہیں ،واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ،جبکہ پولیس ڈاکووں کے تعاقب میں کچے کی طرف روانہ ہوگئی ہے ۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت امان اللہ عرف امانو سندرانی کے نام سے ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں ڈاکوؤں کی فائرنگ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار شاہ علی سیال کی جنازہ نماز ایس ایس پی گھوٹکی کی آفیس میں ادا کردی گئی، جس میں پولیس کے افسران، علاقہ کے معززین نے شرکت کی، اس موقع پر شہید پولیس اہلکار کو سلامی بھی دی گئی، بعد ازاں شہید اہلکار کے جسد خاکی کو انکے آبائی گاؤں لایا گیا تو کہرام مچ گیا۔

ملک بھر سے سے مزید