حیدرآباد (بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے حیدرآباد تاسکھر موٹر وے ایم 6کی تعمیراتی فنڈز میں اربوں روپے کی کرپشن‘ نیب ریفرنس میں گرفتار سابق ڈی سی مٹیاری عدنان رشید ودیگر ملزمان کی ضمانتوں کی درخواستوں پر وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیاہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بدھ کو حیدرآباد سکھر موٹروے ایم 6کرپشن ریفرنس میں گرفتار سابق ڈی سی مٹیاری عدنان رشید‘ منیجر سندھ پبلک تابش شاہ اور معشوق چانڈیو کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کی۔ گرفتار سابق ڈی سی مٹیاری عدنان رشید کی جانب سے معروف قانون داں فاروق ایچ نائیک‘ تابش شاہ کی جانب سے عشرت لوہارایڈووکیٹ اور معشوق چانڈیو کی جانب سے شہاب سرکی پیش ہوئے ۔ عدالت میں نیب کے وکلا بھی موجود تھے۔ عدالت میں فاروق ایچ نائیک‘ عشرت لوہار اور دیگر وکلا نے دلائل میں کہا کہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گذرچکاہے ۔ نیب کافی حدتک ریکوری بھی کرچکی ہے ‘ضمانت ہمارا حق ہے‘18ماہ ہوگئے ملزمان جیل میں ہیں۔ ٹرائل میں کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ہے۔