• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ خرچیاں کم، بجٹ میں مزدور کی تنخواہ بڑھانے کی کوشش کریں گے، وزیراعظم

لاہور (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ میں مزدور کی تنخواہ بڑھانے کی کوشش کرینگے ، شاہ خرچیاں کم کرینگے،مہنگائی سے محنت کشوں کی زندگی واقعی تلخ ہے،انہیں جائز حق ملنے تک ملک ترقی نہیں کریگا، محنت کش ہم سب کیلئے سرمایہ حیات ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جائے، سعودی شاہ دل سے چاہتے ہیں پاکستان ترقی کرے، سعودی سرمایہ دار پاکستان آئینگے، کرپشن کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر عالمی یوم مزدور کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ آج میں نے دل کی گہرائیوں سے آپ سب کو اپنے گھر مدعو کیا ہے، آج آپ کسی سرکاری گھر میں نہیں ، آپ شریف خاندان کے گھر موجود ہیں اور مجھے دلی خوشی ہورہی ہے کہ مجھے آپکی مہمان نوازی کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ آج واقعی بندہ مزدور کے اوقات بہت سخت اور زندگی غریب آدمی پر بہت تنگ ہے، مہنگائی نے ہر زندگی کو متاثر کیا ہے، محنت کے باوجود عام آدمی بچوں کی تعلیم،صحت کے اخراجات بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے، ڈیزل اور تیل کی قیمتوں میں آج پھر کمی ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرے والد بھی ایک مزور تھے، میرے والد اپنے 6بھائیوں کیساتھ مل میں مزدوری کرتے تھے، اس ملک کے اندر ہر فیکٹری کے اندر ایک سرمایہ دار اور ایک مزدور ہے، امرا اور کاروباری حضرات اپنی محنت سے جو دولت پیدا کرتے ہیں،اس میں وہ کمزور لوگوں کو بھی حصہ دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات انتہائی چیلنجنگ ہیں، مزدور کو جائز حق نہیں ملے گا تو ملک ترقی نہیں کریگا۔

اہم خبریں سے مزید