اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لئے اچھی خبر قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے اقدامات کریں۔نگران حکومت کی محنت کو جاری رکھا،دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ،مہنگائی کی شرح 39 فیصدتھی،صوبائی حکومتیں اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کویقینی بنائیں،مہنگائی میں کمی اولین ہدف ،پٹرول بھی سستا ہوگا،جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں ،مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے ،16 ماہ میں جو محنت کی نگران حکومت نے اسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں ،مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، اللّٰہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا ،پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی ، سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔