اسلام آباد(رانا غلام قادر ) وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی بزنس وفد کے متوقع دورہ پاکستان کے حوالے سے سولہ رکنی اسٹیرنگ کمیٹی تشکیل دیدی۔ وزیرپیٹرولیم کوکمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔کمیٹی کو سعودی وفد کے لیے بزنس اجلاسوں کے انعقاد اور سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء تجارت،نجکاری،پاور اورصنعت و پیداوار ارکان میں شامل ہیں جبکہ سعودی عرب میں پاکستانی سفیر، سیکریٹری ایس آئی ایف سی اورچیف پروٹوکول وزارت خارجہ کمیٹی کے ارکان میں شامل کیے گئے ہیں-ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، وزیر مملکت آئی ٹی،سیکریٹریز پاور،پیٹرولیم، داخلہ،آئی ٹی،تجارت اورسرمایہ کاری بورڈ کمیٹی ارکان کا حصہ ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی کو سعودی بزنس وفد کے لیے بزنس میٹنگز اور سیکیورٹی انتظامات کا ٹاسک دیا گیا ہے-