اسلام آباد (فاروق اقدس) اسلامی سربراہی تنظیم (او آئی سی) کا 15واں اجلاس جو گیمبیا میں ہو رہا ہے وزیر خارجہ اسحاق ڈار ڈپٹی وزیراعظم کی اپنی نئی ذمہ داریوں کے ساتھ اس اجلاس میں شرکت کریں گے، اس طرح کسی بھی بین الاقوامی فورم میں ڈپٹی وزیراعظم کی حیثیت سے وہ پہلی مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اس اجلاس میں شرکت کرنی تھی لیکن ملک میں اپنی مصروفیات کے باعث انہوں نے یہ ذمہ داری وزیر خارجہ کو تفویض کردی۔ دریں اثناء ڈپٹی وزیراعظم کی حیثیت سے وزارت خارجہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں اور شعبوں میں نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اسحاق ڈار کی دونوں عہدوں کو تحریری طور پر شامل کرلیا گیا ہے۔