قمبرعلی خان(نامہ نگار) کچے کے ڈاکوؤں کے ظلم وستم خلاف علاقے کے بگٹی قبیلے کا مسلح ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا اعلان ‘جدیداسلحے سے لیس اور گاڑیوںمیں سواربگٹی قبیلے کے ہزاروں افرادقافلوں کی صورت میں گھوٹکی میں کچے کے علاقے میں داخل‘ ڈاکوؤں پر دھاوا‘پناگاہیں مسمار ‘بستی کا گھیراؤ‘ دونوں اطراف سے شدیدفائرنگ کا تبادلہ ‘تین ڈاکو ہلاک ‘ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل بگٹی قوم کے وڈیرہ جلال خان کلپر بگٹی کے جواں سال بیٹے سردار زادہ عبدالرحمان بگٹی کو کچے کے ڈاکوؤں نے شہید کیا تھا‘جس کے بعد سندھ کے مختلف سرداروں، سردار تیغو خان تیغانی، ایم پی اے شہریار شراورشمشاد خان سندرانی سمیت علاقے کے دیگر سردار وں نے وڈیرہ جلال خان کلپر بگٹی کو منانے کیلئے آئے تھے لیکن انہوں نے بات چیت سے انکار کرکے ڈاکوؤں سے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا‘ گزشتہ روز ہزاروں گاڑیوں کے قافلوں پر مشتمل بگٹی قبیلے کے افراد جدید اسلحے سے لیس ہوکر ضلع گھوٹکی کے کچے کے علاقے رونتی میں پہنچے جہاں انہوں نے مسلح ڈاکوؤں پر دھاوا بول دیا اور ڈاکوؤں کی کمین گاہوں وپناہ گاہوں کومسمار کرکے آگ لگادی ‘بگٹی قوم کے مسلح جنگجوؤں نے ڈاکوؤں کی پوری بستی کو گھیرے میں لے لیا۔دونوں اطراف سے جدید اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کا سلسلہ دیر تک جاری رہا جس میں تین خطرناک ڈاکوؤں کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں جبکہ دیگر ڈاکوبھی بگٹی قوم کے مکمل گھیرے میں آگئے ہیں‘نازک صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے بگٹی قوم کے دیگر سیکڑوں گاڑیوں کے قافلے بھی اپنے بھائیوں کی مدد کیلئے کچے میں داخل ہورہے ہیں او ر اس وقت صورتحال بڑی تشویشناک ہے۔