لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب حکومت کی پالیسیوں کی بدولت صوبے میں مہنگائی 36 فیصد سے کم ہوکر17 فیصد پر آ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو اشیائے خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی عوام کو بہترین مفاد میں مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے جو حکمت عملی اختیار کی ہے اس کے نتیجے میں 20کلو آٹے تھیلے کی قیمت2800سو سے کم ہوکر 1780روپے ہوگئی ہے، میدہ فی بوری (80کلوگرام) کی قیمت 13ہزار سے کم ہوکر 9ہزار روپے کردی گئی ہے۔ اس طرح میدے کی فی بوری کی قیمت میں چار ہزار روپے کی آل ٹائم ریکارڈ کمی آئی ہے۔ مکئی کی قیمت 35 سو روپے من سے کم ہوکر 22سو روپے من تک نیچے آگئی ہے، اس طرح مکئی کی قیمت 13سو روپے من کمی ہوئی ہے۔ چاول کی قیمت میں 3ہزار روپے فی من کمی آگئی ہے۔ دو مہینے پہلے چاول فی من 14ہزار روپے اور 8مئی کو 11ہزار روپے من ہوگئے ہے۔ لاہور میں مرغی کا گوشت 438روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے صرف دو دن میں مرغی کے گوشت میں 310روپے کی کمی آئی ہے۔