اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں لڑکیوں کیلئے قائم نجی اسکول پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی بیٹیوں کی تعلیم میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی اور قرار واقعی سزا یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے حملے میں سکول کے منہدم شدہ حصے کو فوری طور پر سرکاری خرچ سے دوبارہ تعمیر کرنے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے لڑکیوں کی تعلیم کو روکنے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔