• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی کھلاڑیوں نے قوم کی توجہ حاصل کرلی، گیند اب حکومت کے کورٹ میں

کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) لاکھوں روپے کے ڈیلی الائونس سے محروم اور ملازمتوں کی تلاش میں سر گرداں پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نےاذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ میں سلور میڈل جیت کر پوری قوم کی توجہ اپنی جانب کرالی، گیند اب حکومت کے کورٹ میں ہے، محرومیوں کے باوجود کھلاڑیوں نے لگن سے عمدہ کارکردگی دکھا کر پاکستان ہاکی میں نئی روح پھونک دی ، کھلاڑیوں کو دس سال سے کوئی سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا ، فیڈریشنز اختلافات کے باوجود کھلاڑی پرعزم رہے۔ پی ایچ ایف کے حکام کھلاڑیوں کے لاکھوں روپے کے ڈیلی الائونس کے مقروض ہیں، مگر کھلاڑیوں نے اپنی لگن اور ملک سے محبت میں عمدہ کار کردگی دکھا کر پاکستان ہاکی میں نئی روح پھونک دی،ایونٹ میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل قومی کھیل میں دو فیڈریشن کے قیام اور دو کیمپ کے انعقاد نے کھلاڑیوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کردیا تھا، کھلاڑی مایوسی کا شکار تھے،پنالٹی کار نر پر ٹور نامنٹ میں چار گول کرنے والے فل بیک سفیان خان کو گھر سے بلاکر صرف دو دن قبل قومی کیمپ میں شامل کیا گیا تھا، ہاکی میں دو فیڈریشنوں کے قیام اور دو قومی کیمپ کے انعقاد سے مایوس سفیان خان کو ان کے ادارے ماڑی پیٹرولیم نے دونوں کیمپ میں شرکت سے روک دیا تھا جس کے بعد وہ مایوس ہوکر گھر بیٹھ گئے تھے، حکومتی کوششوں کے بعد کراچی کیمپ سے کچھ کھلاڑیوں کو اسلام آباد طلب کیا گیا تو ٹیم کے ہیڈ کوچ نے ان کے ادارے کے حکام سے سفیان خان کو کیمپ میں شامل ہونے کی اجازت دینے کے لئے بات چیت کی جس کے بعد سفیان خان نے ایک دن کیمپ میں پریکٹس کے بعد ٹرائیلز میں حصہ لیا تو انہیں ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

اسپورٹس سے مزید