• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر نے آمروں کے دور حکومت میں آزادی صحافت کیلئے جدوجہد کی، شرجیل میمن

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات‘ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ‘ ایکسائیز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک میں مختلف سیاسی تنظیمیں موجود رہی ہیں لیکن آزادی اظہار کی علمبردار پیپلز پارٹی ہی رہی ہے‘ میڈیا کی خدمت کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح رہی ہے‘ شہید جمہوریت بینظیر بھٹو نے آمروں کے دور حکومت میں آزادی صحافت کے لئے جدوجہد کی‘ پیپلز پارٹی اور قیادت پر شدید تنقید کی گئی‘ مہمات چلائی گئیں‘ پیپلز پارٹی کے لئے غلط تاثر دینے کی کوشش کی گئی لیکن پیپلز پارٹی نے ہمیشہ برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزادی صحافت کا احترام کیا۔ حیدرآباد پریس کلب میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے صحافیوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صحافی بھائیوں کو صحت کارڈ جاری کرتے ہوئے آج خوشی محسوس ہو رہی ہے‘ نگراں حکومت میں پریس کلب حیدرآباد کی جانب سے یہ اعزاز دینے کی کوشش کی گئی تھی کہ صحافیوں میں صحت کارڈ تقسیم کروں‘ صحافیوں کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے اتنی عزت دی‘ صحافیوں کو صحت کارڈ جاری کرنا ہمارا فرض و ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جتنے بھی تاریخی کام ہیں وہ پیپلز پارٹی نے کئے ہیں‘ پیپلز پارٹی نے ملک کو آئین دیا‘ ایٹمی قوت بنایا‘ میزائل ٹیکنالوجی دی‘ خیبرپختونخواہ کا نام رکھنے سے لے کر اٹھارویں ترمیم اور میڈیا کو آزادی کا حق پاکستان پیپلز پارٹی نے دیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں تاریخی سیلاب آیا لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے‘ اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی سیلاب متاثرہ علاقوں میں 21 لاکھ گھر بنا کر دے رہی ہے‘ کووڈ کے دوران پیپلز پارٹی نے عوام کی مثالی خدمت کی‘ پاکستان پیپلز پارٹی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں سندھ کے ہسپتالوں جیسی کوئی ہسپتال نہیں‘ نہ صرف دوسرے صوبوں بلکہ ایران اور افغانستان سے بھی لوگ علاج کے لئے سندھ آرہے ہیں‘ سائبر نائیف سے نہ صرف پاکستان بلکہ ایران و افغانستان سے بھی لوگ علاج کراکر مستفید ہورہے ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا وعدہ کسی اور جماعت کا نہیں پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے اور پیپلز پارٹی عوام کے لئے روٹی‘ کپڑا اور مکان یقینی بنایا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید