اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک کے دوران شر پسند عناصر کی طرف سے صورتحال کو بگاڑنے اور جلاؤ گھیراؤ کی کوششیں ناکام ہو گئیں ، معاملات کو بہتر طریقے سے حل کر لیاگیا، شہداء کو امدادی پیکیج دینگے، پانی ، منگلا فیزٹو ،نیلم جہلم کے حوالے سے معاملات بھی مشاورت سے حل کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے نیلم جہلم منصوبے کا دورہ کیا اور تحقیقات کیلئے کابینہ کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑی بدقسمتی کیا ہو سکتی ہے اربوں ڈالر خرچ کرکے منصوبہ مکمل کیا جائے اور نقائص سامنے آ جائیں۔
آزاد کشمیر کابینہ سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ صورتحال کنٹرول کرنے میں کردار اداکرنے پر صدر اور اتحادیوں کا شکر گزار ہوں، شہداء کو امدادی پیکج دینگے، پانی ، منگلا فیزٹو ،نیلم جہلم کے حوالے سے معاملات بھی مشاورت سے حل کرینگے۔
وفاقی حکومت نےآزاد کشمیر کیلئے 23 ارب روپے کا پیکج منظور کیا ، رقم آزاد کشمیر حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو چکی ، وزیراعظم نے کہاکہ زیر التوا ء معاملات کا جلد جامع گفتگو سے حل نکالیں گے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں،پانی کے حوالے سے معاملات، منگلا فیزٹو کے باقی کام،نیلم جہلم کے حوالے سے معاملات کو بھی مشاورت سے حل کیا جائےگا۔