ابوظہبی(ایجنسیاں/جنگ نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورہ پر ابو ظہبی آمد ‘اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات ‘دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال‘ صدرشیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرادی جبکہ شہباز شریف نے عرب امارات کے ساتھ شراکت داری بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی‘ قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات سے قرض نہیں مشترکہ سرمایہ کاری چاہتے ہیں‘کشکول توڑ دیا ہے‘ اس کشکول سے ہم کہیں کے نہیں رہیں گےکیونکہ اقوام عالم قرض یا امداد سے نہیں بلکہ دن رات محنت اور لگن سے ترقی کی منازل طے کرتی ہیں‘اسی جذبہ کےساتھ ہمیں خود انحصاری کی منزل کو حاصل کرنا ہے۔