کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے اپنے اغوا اور قتل کا جھوٹا ڈرامہ رچانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق نوجوان غلام رسول سیشن کورٹ ڈسٹرکٹ شہید بے نظیر آباد کے آفس سپرنٹنڈنٹ کا بیٹا ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ساؤتھ پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی سے غلام رسول نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔انہوں نے بتایا کہ غلام رسول 23 اپریل کو نواب شاہ سے کراچی آیا تھا اور کراچی آنے کے بعد لاپتا ہوگیا تھا۔25اپریل کو اس کے ماموں محمد حنیف نے صدر تھانے میں اپنے بھانجے کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کو معلوم ہوا کہ مغوی نوجوان 86 لاکھ روپے کا مقروض تھا۔مغوی کی پاس موجود چاروں موبائل فون بند تھے اور آخری لوکیشن کالا پل کراچی کی معلوم ہوئی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ مغوی نوجوان نے اپنے فیس بک میسنجر سے اغوا کار بن کر اپنے دوستوں کو اغوا ہونے کا میسج کیا اور اپنے جسم پرلال رنگ لگا کر قتل کا جھوٹا ڈرامہ بھی رچایا تاکہ قرض ادا کرنے سے بچ جائے۔عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ غلام رسول نے اپنے میسنجر سے اغوا کار بن کر دوستوں کو اپنے مردہ ہونے کی تصاویریں بھی بھیجیں۔