• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے گرڈ اسٹیشن میں زبردستی داخل ہوکر فیڈرز چلوا دیئے

پشاور(نیوز ایجنسیاں) لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران پی ٹی آئی ایم پی اے نے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہو کر فیڈرز چلوا دیئے، پیسکو چیف انجینئر نے پشاور پولیس کو مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست کردی۔درخواست میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں حکومتی رکن فضل الہی اور دیگر پیسکو چمکنی سب ڈویژن میں 500 افراد کے ہمراہ داخل ہوئے، 6 فیڈرز کی بجلی زبردستی بحال کی گئی۔ پیسکو چیف انجینئر نے درخواست میں مو قف اختیار کیا کہ صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی فراہمی جاری رکھی گئی اور اس تین گھنٹے میں 70 ہزار یونٹ بجلی خرچ ہوئے جس سے قومی خزانے کو 36 لاکھ کا نقصان ہوا اس لیے حکومتی رکن فضل الہی اور دیگر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ترجمان پیسکو کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے مظاہرین کے ساتھ پیسکو رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کیا اور مظاہرین کے ساتھ گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوئے اور زبردستی فیڈرز چلوائے۔مظاہرین نے زبردستی 9فیڈرز چلوائے جو ہائی لاس فیڈرز میں شمار ہوتے ہیں۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (پیسکو) ترجمان کے مطابق آن کرائے گئے فیڈرز میں ہزارخوانی، یکاتوت، اخون آباد، نیو چمکنی، سوڑیزئی بالا، شالوذان اور قلندرآباد شامل ہیں۔ مذکورہ فیڈرز پر بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لاسز 80فیصد سے زائد ہیں اور پیسکو کی جانب سے مذکورہ فیڈرز پر لاسز کم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی اور پیسکو اہل کاروں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے نتیجے میں رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن سے ہزار خوانی اور دیگر علاقوں کو بجلی کی سپلائی شروع کردی گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید