پشاور( ارشدعزیز ملک)وفاقی حکومت نے خیبرپختونخو ا میں تعینات گریڈ 20کےمعطل افسر محمد زبیر کوبے قصور قرار دیتے ہوئے 14روز بعد بحال کردیا۔ معطلی کے دوران محمد زبیر کو کوئی نوٹس یا شوکاز جاری نہیں کیا گیا ۔معطل افسر کے فیملی ذرائع کے مطابق انھیںشدید ذہنی کوفت اور اذیت کا سامنا کرنا پڑا حالانکہ ان کا جعلی سرٹیفکیٹ کے ذریعے نرسز کو سعودی عرب بھجوانے کے معاملے سےکوئی تعلق نہیں تھا ۔انھیں کسی انکوائری میں بلایا گیا اور نہ ہی کبھی کو نوٹس بھجوایا گیا لیکن بغیر تحقیق کے انھیں معطل کردیا گیا۔ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس قسم کے اچانک اور عجلت میں معطلی کے احکامات وفاقی بیوروکریسی کے افسران کی ذمہ داری قبول کرنے اور بغیر کسی خوف کے اپنے سرکاری فرائض سرانجام دینے کی مزید حوصلہ شکنی کریں گے کیونکہ وہ پہلے ہی نیب کے خوف کی زد میں ہیں۔۔محمد زبیر کبھی بھی ڈی جی بیورو اف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نہیں رہے البتہ وزارت اوورسیز میں جوائنٹ سیکرٹری تعیناتی کے دوران انھیں چند ماہ کے لئے اضافی چارج دیا گیاتھا ۔