اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) بیجنگ میں ہفتے کے روز وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت چین کے 60سالہ پرانے سی زیڈ کے ہورائے گروپ اور پاکستان سے آئے ہوئے وفد کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں طے پایا کہ چین پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ماڈرن ایگریکلچر، ہیلتھ کئیر، لاجسٹک، انفراسٹرکچر اور سپلائی چین مارکیٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ اسی طرح ای کامرس کو وسعت دینے کیلئے پاک چین تعاون میں اضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں شامل چینی گروپ کے چیئرمین لیو یافی، جنرل مینجر صوفیہ لی، ڈیوی ڈانگ، چن وینلونگ اور شی جی نے پاکستانی وفد کو یقین دلایا کہ اُن کا ادارہ پاکستان میں امپورٹ اور ایکسپورٹ مصنوعات میں اضافے کے لئے بھاری سرمایہ کاری کرے گا۔ وفاقی وزیر کامرس جام کمال خان نے چینی حکام کو تجارتی حوالوں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ دریں اثناء بیجنگ چین سے ٹینگشن ڈونگھا آئرن سٹیل گروپ کے وفد نے بھی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے اجلاس منعقد کیا اور اُن سے پاکستان سٹیل ملز اور آئرن کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری و دیگر امور پر بات چیت کی۔ ادھر وفاقی وزیر پاور اویس لغاری نے چین میں دنیا کی سب سے بڑی سولر مینوفیکچرنگ کمپنی کلونجی گرین انرجی ٹیکنالوجی کے صدر ژن گولی سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کی سولر توانائی کی استعداد پر بریفنگ دی۔ چینی کمپنی کے صدر نے پاکستان میں شمسی توانائی کے فروغ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر نے چینی کمپنی کو پاکستان میں سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی دعوت دی۔