لاہور،اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ ،تاجک، بحرین اور آذربائیجان کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کےعزم کا اظہار کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے عید الاضحی کے موقع پر رہنماؤں کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا، وزیراعظم نے خطے میں عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ ،آذربائیجان کے صدرالہام علیوف کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا ۔شہباز شریف اور رجب طیب اردوان نے دوران گفتگو فلسطین کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کیلئے امن کی کوششوں کو دگناکرنے کیلئے عالمی برادری پر زور دیا شہباز شریف نے رجب طیب اردوان،شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، اور الہام علی یوف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کو سراہا جو مشترکہ اقدار، تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کیلئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات اور آنے والے دنوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا ثبوت تھی۔ اس مقصد کیلئے وزیراعظم نے صدر اردگان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کیلئے اپنی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا تاکہ اس موقع پر اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کنسلٹیٹو کونسل (HLSCC) کا ساتواں اجلاس بلایا جا سکے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں پر استوار پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کو سراہا ۔ وزیراعظم نے گزشتہ برسوں میں مختلف شعبوں میں پاکستان کیلئے بحرین کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے لئے احترام اور نیک خواہشات پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کیلئے ملکر کام کرنے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا۔ 2014 میں شاہ حماد کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے،وزیر اعظم نے عزت مآب کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ ادھر وزیراعظم محمد شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدرالہام علییوف کے درمیان اتوار کے روز ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور اس پرمسرت موقع پر دونوں ممالک کے عوام کیلئے اپنی اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیشرفت کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجوں بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے صدر علی یوف کو جلد ہی پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کیلئے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ صدر علیوف نے کہا کہ وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کرینگے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اتوار کے روز تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور عید الاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے عید کے پرمسرت موقع پر صدر رحمان اور تاجکستان کے برادر عوام کو مبارکباد دی اور دونوں ممالک میں امن، خوشحالی اور ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر رحمان نے بھی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، توانائی اور رابطوں کے ذریعے تعلقات کو بڑھانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نےمسلم دنیا کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر دونوں رہنماؤں کا ٹیلی فونک رابطہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔دریں اثنا وزیر اعظم سے قائم مقام ایرانی صدر محمد مخبر نے بھی رابطہ کیا اور انہیں عید الاضحی کی مبارکباد دی۔