اسلام آبا د ( نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عید کے تین دنوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے کئے ، انہیں عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ عید کے اس پر مسرت و بابرکت موقع پر پاکستان کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں.
وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی،دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں،سیاسی رہنماؤں نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی ، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اتحادی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری ،مولانا فضل الرحمٰن ،چوہدری شجاعت حسین ،خالد مقبول صدیقی ، عبد العلیم خان ، سردار خالد مگسی، سردار اختر مینگل ، آفتاب احمد خان شیرپاؤ، پروفیسر ساجد میر، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، حافظ نعیم الر حمنٰ،عبد المالک، ایمل ولی خان، صدر آزاد جموں و کشمیر سلطان محمود چوہدری، وزیراعظم چوہدری انوار الحق ،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ، گورنرگلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلی گلگت بلتستان گلبر خان کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دی ۔