پشاور،اسلام آباد ( نمائندگان جنگ، ایجنسیاں) لنڈی کوتل پریس کلب کے سابق صدر وسینئر صحافی خلیل جبران کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہید کردیا، ضلع مہمند میں صحافتی تنظیموں نے سینئرصحافی خلیل جبران کے بہیمانہ قتل پر شدید احتجاج اور مظاہرہ کیا، پی ایف یو جے ،آر آئی یو جے نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئےتین دن سوگ کا اعلان کیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے لنڈی کوتل پریس کلب کے صدر صحافی خلیل جبران کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں صدر مملکت نے خلیل جبران کے قتل پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور کہا کہ خلیل جبران کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔ صدر نے خلیل جبران کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔