اسلام آباد(جنگ نیوز/ایجنسیاں)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ‘بجٹ سازی پر تحفظات دور ‘ گلے شکوے ختم ‘بلاول بھٹو نےحکومت کو بجٹ منظوری میں تعاون کی یقین دہانی کرادی ۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے ملاقات میں بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے شکوہ کیا کہ حکومت کسی فیصلہ سازی میں ہمیں اعتماد میں نہیں لےرہی اور سندھ کےمختلف منصوبوں میں وفاقی حکومت سنجیدگی کامظاہرہ نہیں کررہی۔ شہباز شریف نے بلاول بھٹو کے بیشتر نکات سے اتفاق کیا اور معاملات کے حل کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں ۔ ملاقات کے بعد شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو میں وزیراعظم کا کہناتھاکہ معیشت کے حوالے سے مثبت اشاریے آ رہے ہیں ، اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی کاروباری طبقے کی طرف سے بجٹ کی توثیق ہے، ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے۔اس سے قبل بلاول بھٹو ملاقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تھے، ان کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان اور خورشید شاہ تھے ۔اسحاق ڈار‘وزیر خزانہ محمد اورنگزیب‘عطاتارڑ اورسعد رفیق بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچے تھے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اوربلاول بھٹو کے درمیان ملاقات 4 بجے متوقع تھی جو تاخیر کا شکار ہوئی۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے وزیر اعظم سے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک معاہدے کے تحت حکومت کی حمایت کی مگر حکومت اُس معاہدے پر عمل نہیں کررہی‘ صوبائی حکومت پنجاب میں پیپلزپارٹی کو محدود کررہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور حکومت کی کمیٹیاں آج ملاقات کرکے وزیراعظم اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی روشنی میں معاملات کو آگے بڑھائیں گی۔