• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری، مشاورت کیلئے سابق کرکٹرز لاہور مدعو

کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ نئے سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹ کے تین نئے ٹورنامنٹ شروع کرنے سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹرز سے مشاورت کرنا چاہتا ہے۔ پیر کو چیئرمین محسن نقوی نے ملک بھر کے25سے30ٹیسٹ اور انٹر نیشنل کرکٹرز کو لاہور مدعو کیا ہے جن سے ڈومیسٹک سسٹم میں بہتری اور پرکشش بنانے کیلئے تجاویز لی جائیں گی۔ ان کرکٹرز کو جہاز کا ٹکٹ، ہوٹل دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کا پاکستانی ٹیم کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے البتہ اچھی تجویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ذمے دار ذرائع کے مطا بق ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں گیپ ختم کرنے کیلئے چمپئنز ٹورنامنٹ کے نام سے پانچ ،پانچ ایلیٹ ٹیموں کے درمیان فرسٹ کلاس ،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے الگ الگ ٹورنامنٹ کرانا چاہتے ہیں۔ معمول کے13ٹورنامنٹ اس کے علاوہ ہوں گے۔2024-25کے سیزن میں ریجنل ٹیموں کیلئے اس کے علاوہ کوئی ون ڈے ٹورنامنٹ نہیں ہوگا۔ پینٹاگولر ٹورنامنٹ دوبارہ شروع کرنے کی تجویز ہے۔ پچھلے تین سالوں میں کارکردگی کی بنیاد پر منتخب ہونے والے ٹاپ 150 کرکٹرز کو 30 کے اسکواڈ میں تقسیم کیا جائے گا۔ بورڈ نئی ٹیموں کی اسپانسر شپ کیلئے پانچ ہائی پروفائل سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ تینوں فارمیٹ کا چیمپئنز کپ کھیلنے والے 150 کرکٹرز کو دینے کی تجویز ہے۔ گزشتہ سال 360 کرکٹرز کو کنٹریکٹ دیا گیا تھا۔ اب 210 کرکٹرز کے کنٹریکٹس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ان سابق کرکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں جو کرکٹ کو بہتر کرنا جانتے ہیں، سابق کرکٹرز نے بڑی محنت سے تفصیلی رپورٹ دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے سابق کپتان انضمام الحق، معین خان، مصباح الحق، شعیب ملک، شاہد آفریدی، یونس خان سے رابطے کیے گئے ہیں، جب کہ ثقلین مشتاق، مشتاق احمد، وقار یونس کو کام کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ایک سابق کرکٹرنے بڑی محنت سے بہتری کے لیے تفصیلی رپورٹ دی ہے، سوشل میڈیا پوسٹس دیکھ کرفیصلے کرتا ہوں نہ کروں گا ۔

اسپورٹس سے مزید