اسلام آباد( تنویر ہاشمی، مہتاب حیدر ) ایف بی آر نے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کیلئے ملک بھر میں 25 کمشنر ریفنڈز کے نئے عہدے تخلیق کر دیئے، کمشنر ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کے کیسز پر عملدرآمد کرینگے، فیلڈ دفاتر کے دیگر افسران سے ا ختیارات واپس لے لیے گئے۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں ٹیکس آفس میں ہونیوالے واقعہ کے بعد چیئرمین ایف بی آر نے ریفنڈز کی ادائیگی کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے الگ سے کمشنر ز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا کیونکہ ٹیکس ریفنڈز کے معاملات پر کرپشن کی شکایات بہت زیادہ بڑھ گئی تھیں اور ریفنڈز کے کلیمز کیلئے ایف بی آر کے بعض افسران کمپنیوں کی معاونت میں ملوث پائے گئے ابھی حال ہی میں ٹیکس ریفنڈز کے معاملے میں لاہور کے بعد اسلام آباد میں بھی ایک ڈپٹی کمشنرآئی آر اور انسپکٹر کو معطل کیاگیا، ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر ریفنڈز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کے کیسز پر عملدرآمد کرینگے جبکہ فیلڈ دفاتر کے دیگر افسران سے ٹیکس ریفنڈز کے معاملات کےاختیارات واپس لے لیے گئے، ایف بی آر نے ابتدائی طور پر راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان، بہاولپور،پشاور، فیصل آباد، حیدر آباد، سرگودھا،سیالکوٹ، ساہیوال، گوجرانوالہ، ایبٹ آبادکمشنر ریفنڈز تعینات کیے اور ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کے تمام اختیارات کمشنر ریفنڈز کو تفویض کر دیئے گئے۔