کراچی (ٹی وی رپورٹ) عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے ناراضی نہیں بات جماعت کی سوچ کی ہے، ہم شروع سے ووٹ کو عزت دو کی سوچ کے ساتھ رہے ہیں، سیاست نفرت میں بدل چکی ہےپارلیمنٹ صرف گالم گلوچ کی جگہ ہے، ہماری سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا، سیاستدانوں کا، حکومت کا، عدلیہ کے غیرآئینی رشتے نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے،سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا بیورو کریسی شہباز شریف کو اپنے بنگلے، گاڑیاں اور دیگر سہولتیں ختم کرنے نہیں دیگی، سینئر صحافی و تجزیہ کار محمد مالک نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا عدلیہ سے تصادم نہیں رکا تو ملک بڑی تباہی کی طرف چلا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں مجھ پر تنقید کا حق صرف نواز شریف رکھتے ہیں، نواز شریف جو بات کہیں گے من و عن قبول ہے، نواز شریف سے کہہ دیا تھا کہ اس سوچ کے ساتھ چلنا ممکن نہیں ہوگا، آج تینوں بڑی جماعتیں اقتدار میں رہ چکی ہیں مگر ڈیلیور نہیں کرسکیں، ملک کے حالات بدتر سے بدتر ہوتے چلے گئے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بہتر سوچ کے ساتھ آنے والی جماعت ملک کے مسائل حل کرسکتی ہے، تینوں جماعتوں کے پاس ملک کو دینے کیلئے کچھ نہیں ہے، اقتدار کی جنگ ہے کرسیاں مل جاتی ہیں ملک کا بھلا نہیں ہوسکتا، ہم نئے لوگ نہیں ہیں ہماری سوچ واضح ہے، ہم اپنی بات اور اصول پر قائم رہنے والے لوگ ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاست صرف اقتدار کا نام نہیں اصولوں پر رہنا ہوگا، آئین توڑنے اور آئین سے دور جانے سے ملک کو ہمیشہ نقصان ہوا ہے، آٹھ فروری کے الیکشن سے نے واضح کردیا کہ سوچ زیادہ حاوی ہوگئی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ متناسب نمائندگی کیخلاف ہوں اس سے شاید حقیقی نمائندگی نہیں ملے گی، الیکشن سے پہلے اور فوراً بعد الیکٹ ایبلز کو اکٹھا کر کے بننے والی جماعتیں مخصوص مقاصد کیلئے بنتی ہیں، ہماری جماعت گراس روٹ کی جماعت ہے ا سے آ گے بڑھائیں گے، ہمیں امید ہے ملک کے لوگ ایک بہتر سوچ کی طرف آئیں گے۔