ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب امجد شعیب خان ترین کی صدارت میں زیر تعمیر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کمپلیکس بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق ڈوگر، آئی ڈیپ، میپکو ، پی ایچ اے اور این ٹی سی کے افسران نے شرکت کی۔ آئی ڈیپ کے حکام نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا زون 6 مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے اور میپکوکی جانب سے بجلی کا کنکشن دے گیا ہے جبکہ نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن نے ٹیلی فون ایکسچینج بھی نصب کر دی ہے۔ روڈ نیٹ ورک، گلاس ورک، رنگ و روغن، دفاتر میں فرنیچر کی فٹنگ بھی مکمل اور جنریٹر نصب کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب انجینئر امجد شعیب خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکٹ ہاوس میں قائم دفاتر کی 10 محرم کے بعد سیکرٹریٹ بلڈنگ میں منتقلی شروع کردی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ سیکشن آفیسر ڈویلپمنٹ کا آفس پہلے ہی نئی بلڈنگ میں شفٹ کیا جا چکا ہے۔ انجینئر امجد شعیب خان ترین کا کہنا تھا کی نئی سیکرٹریٹ بلڈنگ کارپوریٹ کلچر کی عکاس ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگ میں شفٹنگ کے مراحل اسی ماہ مکمل کر لئے جائیں گے۔