اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے نیلم-جہلم پاور پراجیکٹ میں پیدا ہونے والی خرابیوں کے ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت کرتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماہرین نے پراجیکٹ ڈیزائن میں خرابیوں کی نشان دہی کی ہے، یہ بد قسمتی ہے کہ اتنے بڑے اور اہم منصوبے میں مجرمانہ غفلت برتی گئی ہے۔ وزیرعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیلم-جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جہاں پراجیکٹ میں پیدا ہونے والی حالیہ خرابی کی تحقیقات کرنے والی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی جانب سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیلم-جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی دائیں اور بائیں ہیڈ ریس ٹنل میں 29 اپریل 2024 کو فشار میں کمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی اور 2 مئی 2024 کو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار مکمل بند ہوگئی۔بتایا گیا کہ منصوبے کی بندش سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، جس جگہ موجودہ خرابی پیدا ہوئی ہے یہ راک برسٹ زون ہے۔