کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے روہڑی سکھر میں واقع سینٹر فار انٹر پرینیور شپ مینجمنٹ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز میں داخلے کے خواہشمند طلباء کی مدد کیلئے ضلع کونسل سکھر نے مالی اعانت کااعلان کیا ہے ۔ ضلع کونسل سکھر سینٹر فار انٹرپرینیور شپ مینجمنٹ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز میں داخلے کے خواہشمند طلبہ و طالبات کے داخلہ پروسیسنگ چارجز اور ڈی سی ایس اسکالرشپ کے تحت اہل طلباء کی پہلے سال کی ٹیوشن فیس ادا کرے گی۔ مذکورہ اعلان اور فوائد کی فراہمی کا فیصلہ داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور ضلع کونسل سکھر کے درمیان آن لائن میٹنگ کے دوران کیا گیا۔ داؤد یونیورسٹی کی جانب سے اجلاس کی صدارت وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (تمغہ امتیاز) جبکہ ضلع کونسل سکھر کی جانب سے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے اجلاس کی صدارت کی ۔