کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا ہے کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں قومی ٹیم بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کرے گی جس کے لئے کیمپ کے فوری انعقاد کی ضرورت ہے، پاکستانی ٹیم جیت کی ٹریک پر واپس آرہی ہے، کھلاڑیوں میں بہت زیادہ توانائی نظر آرہی ہے، اذلان شاہ ہاکی اور پولینڈ کے نیشنز کپ میں ہمارے کھلاڑیوں نے غیر معمولی کار کردگی کا مظاہرہ کیا، جنگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ایشین ٹرافی میں بھارت مضبوط حریف ہوگا، دیگر ٹیموں کے ساتھ ہم حال ہی میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں، ایشین ٹرافی مقابلے8سے17ستمبر تک چین میں ہونگے جس میں پاکستان کے علاوہ چین، ملائیشیا، کوریا، بھارت ، جاپان کی ٹیمیں ایکشن میں ہونگیں ۔ انہوںنے کہا کہ قومی کھیل میں بہتری کے لئے اداروں کی ٹیموں کو فوری بحال کرنا ہوگا،حکومت کی حالیہ دنوں میں معمولی دل چسپی اور توجہ سے کھلاڑیوں کے حوصلے میں اضافہ ہوا ہے، اس وقت کھلاڑیوں کو معاشی مسائل کاسامنا ہے،جب آپ کے پاس جاب نہیں ہوگی تو کھلاڑی کس طرح کھیلیں گے،وزیر اعظم شہباز شریف نے اداروں کی ٹیموں کی بحالی کا کہا تھا مگر ابھی تک این بی پی سمیت کسی ادارے نے ٹیموں کو بحال نہیں کیا۔