کراچی (نیوز ڈیسک)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے یو م عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 10 محرم عاشورہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے تاریخی ، روحانی اور اہم سبق کا حامل ہے۔اس روزآقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پیارے نواسہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی تاریخ ساز جدوجہد، عظیم قربانی اورفقید المثال شہادت کا دن تھا۔یہ دن ہمیں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے پیغام اور ان کے تاریخی کردار کی یاد دلاتا ہے۔سیدنا امام حسین ؓ کی عظیم قربانی نے اسلامی تاریخ میں اسلا م کی سربلندی اور اعلیٰ ترین مقاصد کے حصول کے لئے جان کی بازی لگادینے کی وہ روایت قائم کی جو تاریخ کے ہر دور میں صراط مستقیم پر چلنے والوں کے لئے ایک روشن مثال بھی ہے ۔ قوم اپنے دین اور وطن عزیزکے لیے عزم و استقامت کا استعارہ بن کر ہر قسم کی قربانیوں کے لیے تیار ہو جائے کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جو ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی کا باعث بن سکتا ہے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمیں بلند اہداف، استقامت اور سچائی کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کرنا چاہئے۔