اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلف کنٹریز کونسل کے ممالک کے کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے، جس کی بدولت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع مزید بڑھیں گے، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرونک گیٹس کے نظام کا نفاذ کیا جا رہا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا، وفاقی حکومت نے بیرونی سرمایہ اور سیاحت کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کرتے ہوئے126ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو24گھنٹوں میں آن لائن ویزا جاری کرنے اور انہیں ویزا فیس سے استثنیٰ دے دیا ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری ، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم قدم اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں نے بڑا اقدام کرتے ہوئے ویزہ رجیم میں نرمی کی ہے جو کہ ایک انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلف کنٹریز کونسل کے ممالک کے کاروباری شخصیات کیلئے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے، جس کی بدولت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع مزید بڑھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزے جاری کے جائیں گے اور مذکورہ ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان دیگر ممالک کے افراد کے لیے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پر کشش مقام بن جائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ مذہبی سیاحت میں بہتری کے حوالے سے تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے الگ سے سب-کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرونک گیٹس کے نظام کا نفاذ کیا جا رہا ہے، ویزا پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہو گی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شمالی علاقے سیاحوں کے لیے جنت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نئی ویزا رجیم پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے گا جو کہ موخر الذکر ممالک کے حوالے سے ویزا فری انٹری، بزنس ویزا لسٹ اور ٹورسٹ ویزا آن ارائیول کی نگرانی کرے گا۔