• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں تمام آئینی ادارے حدود سے تجاوز کرتے ہیں، شاہد خاقان

پیرس( رضا چوہدری / نمائندہ جنگ ) پاکستان کےسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام آئینی ادارے آئینی حدود سے تجاوز کرتے ہیں اور ان کے سربراہ ہر روز اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرس میں پاکستان بزنس فورم بزنس کے سرپرست ابراہیم ڈار کی جانب سے منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت لوٹنے والے نہیں بلکہ دینے والے لیڈروں کی ضرورت ہے ، ملک کے جتنے ادارے ہیں ان کے سربراہ اور ذمہ داراں ہر روز حلف توڑتے ہیں ، کتنی بد قسمتی کہ ملک میں ایک بھی غیر متنازع الیکشن نہیں ہو سکا کبھی کسی کو ہرایا گیا ، کسی کو جیتایا گیا ، کسی کی اکثریت کم کی گئی تو کسی کو اکثریت دی گئی ، ایسی صورتحال میں ملک کیسے آگے بڑھ سکتا تھا ، ملک میں عوام کسی کو مینڈیٹ دیں اور ان پر کسی اور کو بٹھا دیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں 35سال مسلم لیگ ن میں گزارے ، ساڑھے 4سال وزیر رہااور ڈیڑھ سال وزیراعظم رہا ، ان کے اچھے اور برے فیصلوں میں شریک رہا ، آپ مجھ سے سوال پوچھ سکتے ہیں میں نے دیکھا کہ تمام ادارے آئینی حدود سے تجاوز کرتے ہیں۔ میری رائے کے مطابق ملک میں آئین پر مکمل عملدرآمد ، مسلسل تین بار شفاف انتخابات کرائے جائیں اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے تو ملک صحیح سمت پر جا سکتا ہے ، ملک ترقی خوشحالی میں سب سے بڑی روکاوٹ نیب کا ادارہ ہے نیب آج تک کسی سیاست دان کو کرپٹ ثابت نہیں کر سکی اس ادارے کی موجودگی میں ملک ترقی کی طرف نہیں جا سکتا۔
اہم خبریں سے مزید