راولپنڈی (این این آئی) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے مہنگائی اور بجلی بلوں کے خلاف دھرنا دے کر زبردست کام کیا ہے ،ان کے موقف کی تائید کرتا ہوں‘نیوٹرل کا مطلب جانور نہیں غیر سیاسی ہوتا ہے‘ جی ایچ کیو کے باہرپرامن احتجاج کی کال میں نے دی تھی‘میرے بیان کو ایسے پیش کیا جارہا ہے جیسے میں نے اعتراف جرم کیا ہو،سوشل میڈیا جمہوری پبلک کی آواز ہے،عوامی آواز کو ڈیجیٹل دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے،فوج کا فارم 47والوں کے ساتھ کھڑا ہونا ملک، معیشت اور جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہے۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 9مئی سے قبل جی ایچ کیو کے باہر احتجاجی مظاہرے کی پرامن کال کے بیان پر قائم ہوں۔میں نے جی ایچ کیو کے باہر پرامن احتجاج سے متعلق تین وی لاگز بھی کیے جبکہ 12 مرتبہ پولیس تفتیش میں بھی جی ایچ کیو کے باہر پرامن احتجاج کا کہہ چکا ہوں۔