اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نےچیئر مین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کوملک بھر میں مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔منگل کو وزیراعظم نے ٹیلیفون پر این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کو بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگانے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹس ، آزاد کشمیر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے روابط مزید بہتر کرنے اور بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ شاہراہوں اور سڑکوں کو بحال کرنے کے حوالے سے تیز تر اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں علاج معالجے کی تمام تر سہولیات اور امدادی سامان بشمول ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔