کراچی(رفیق مانگٹ)امریکا میں کھیل کی دنیا میں نیا انقلاب،کرکٹ نے اربوں ڈالر کے دروازے کھول دیئے، ہندوستانی سرمایہ کاروں نے امریکا میں سو سال بعد کرکٹ کو زندہ کردیا،دنیا کی بڑی کمپنیوں کے سرکردہ ہندوستانیوں نے امریکا میں میجر لیگ کرکٹ قائم کی، جس میں 20 سرمایہ کاروں میں زیادہ تر ہندوستانی نژاد امریکی ہیں۔ان اربوں ڈالر کا براہ راست فائدہ ہندوستان کو ہونے جارہا ہے، جہاں کرکٹ پہلے ہی صنعت کا درجہ رکھتی ہے، ان کےلئے امریکی دروزاے کھلنے سے مزید تقویت ملے گی۔ ان میں امریکا میں کرکٹ کے براڈ کاسٹ کے حقوق بھی اربوں ڈالر میں فروخت ہوں گے،مضبوط ایڈورٹائزنگ کمپنیاں اس میں پیش پیش ہوں گی۔بھارتی کھلاڑی جن کاطرز زندگی پہلے ہی امیرانہ ہے ،اب ان پر ڈالر نچھاور ہوں گے، مستقبل میں امریکی کرکٹ سے نو وارد بھارتی کھلاڑیوں کی بھی چاندی ہوجائے گی، نئی جنریشن اس کو کیرئیر کے طور پر لے گی والدین اپنے بچوں کو اس کی کوچنگ دلائیں گے۔ حالیہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں امریکی کرکٹ ٹیم کے کیپٹن مونانک پاٹیل سمیت پانچ کھلاڑی ہندوستانی نژاد ہیں، دیگر میں ہرمیت سنگھ، نثارگ پاٹیل،ملیند کمار اور سورابھ نٹراوالکر شامل ہیں،پہلے سیزن میں آٹھ ہندوستانی نژاد کھلاڑیوں نے حصہ لیا جب کہ حالیہ دوسرے سیزن میں پانچ بھارتی نژاد کھلاڑی حصہ لے رہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے ضوابط کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹر بھارت کے باہر دنیا کی کسی لیگ میں حصہ نہیں لے سکتا۔میجر لیگ کے پہلے سیزن 2023میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے حارث روف،شاداب خان،عماد وسیم سمیت دس کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ میجر لیگ کے اس وقت جاری دوسرے سیزن2024 میں پاکستانی نژاد بارہ کھلاڑی حصہ لے رہے جن تین پاکستانی کھلاڑیوں ابرار احمد، حارث رؤف اور زمان خان کو این او سی جاری کیا گیا۔ اس امریکی میڈیا فوربز، فاکس اسپورٹس ،ہندوستانی میڈیا ٹائمز آف انڈیا، ٹائمز ناؤ،این ڈی ٹی وی،انڈین ایکسپریس ودیگر کی رپورٹس کے مطابق امریکا میں ہندوستانی نژاد تکنیکی ماہرین دنیا کی بڑی کمپنیوں کے لیے کام کر رہے ہیں، انہوں نے ہی میجر لیگ کرکٹ کی بنیاد رکھی،سلیکون ویلی کے کچھ بڑے ناموں نے اس میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی، امریکا میں کرکٹ مقبولیت کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہے۔سمیر مہتا اور وجے سرینواسن نے جنوری 2019 میں میجر لیگ کرکٹ کی بنیاد رکھی جو کہ شمالی امریکہ کے سب سے بڑے کرکٹ براڈکاسٹر ویلو ٹی وی کے بھی بانی ہیں۔ لیگ کو انڈیا کے ٹائمز گروپ کے علاوہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیا نڈیلا اور ایڈوبی کے سی ای او شنتانو نارائن کی سرمایہ کاری حاصل ہے اس کے علاوہ پے ٹی ایم کے بانی وجے شیکھر شرما،راکٹ شپ وینچر کیپٹل کے بانی آنند راجارمن، وینکی ہرینارائن، مدرونا وینچر گروپ منیجنگ ڈائریکٹرایس سوما سیگر بھی شامل ہیں۔چھ میجر لیگ کرکٹ فرنچائزز میں سے چار بھارتی مالکان کی ملکیت ہیں، جن میں سے تین آئی پی ایل ٹیموں کے بھی مالک ہیں۔ ایم آئی نیو یارک ارب پتی مکیش امبانی کی ملکیت ہے، جو ممبئی انڈینز کے بھی مالک ہیں۔لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز اور ٹیکساس سپر کنگز شاہ رخ خان کی شریک ملکیت کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ملکیت ہیں۔سیٹل آرکاس ستیہ نڈیلا کی شریک ملکیت ہیں۔ ہندوستانی نژاد نڈیلا نے میجر لیگ کرکٹ میں33ارب42کروڑ روپے(120 ملین ڈالر) کی سرمایہ کاری کی ہے۔ٹیموں کے دیگرمالکان میں سان فرانسسکو یونیکورنز کے آنند راجارمن اور وینکی ہرینارائن، سیٹل اورکاس کے جی ایم آر گروپ، ستیہ نڈیلا،ایس سوما سیگر، ٹیکساس سپر کنگز کے چنئی سپر کنگز، انوراگ جین، راس پیروٹ جونیئر اور واشنگٹن فریڈم کے سنجے گوول شامل ہیں۔ انڈین ایکسپریس لکھتا ہے کہ ہندوستانی تارکین وطن کی تعداد ،ان کی مجموعی دولت اور اثر و رسوخ سے امریکا میں کرکٹ آئی۔ 1859 تک کرکٹ کم از کم 22 امریکی ریاستوں میں، 125 سے زیادہ شہروں اور قصبوں میں1000 کلبوں کے ساتھ کھیلی جا رہی تھی۔امریکی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی ملکیت نائٹ رائیڈرز گروپ نےلاس اینجلس کے قریب 15 ایکڑ اراضی پرکرکٹ اسٹیڈیم میں آٹھ ارب 36کروڑ روپے( 30ملین ڈالر) کی سرمایہ کاری کی۔انڈین پریمیئر لیگ کی مالیت10 ارب سات کروڑ ڈالرہے۔یو ایس اے کرکٹ کا ہدف 2030 تک آئی سی سی کا مکمل رکن بننا ہے ۔فوربز کے مطابق امریکا میں حالیہ کرکٹ ٹورنامنٹ دنیا کے بڑے کھیلوں میں ایک رہا، اسے نیویارک ٹائمز، سی این این اور واشنگٹن پوسٹ جیسے میڈیا اداروں نے نمایاں کوریج دی۔ میجر لیگ کا دوسرا سیزن جاری ہے ۔پہلا سیزن 8 ملین ڈالر کی آمدنی کے اہداف سے تجاوز کر گیا تھا۔ فاکس اسپورٹس کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ نےامریکی عوام کی آنکھیں کھول دیں۔امریکہ، جہاں کرکٹ ایک صدی سے زیادہ عرصے سے جگہ بنانے کی کوشش میں تھی، اس نے گزشتہ ماہ ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے 16 میچوں کی میزبانی کی، امریکیوں نے پہلے کبھی اس کھیل کو دیکھنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں تھا۔ ڈیلاس میں پاکستان کے خلاف امریکہ کی حیران کن فتح نے کافی تشہیر کی،یہاں تک کہ وائٹ ہاؤس نے نوٹس لیا - قومی سلامتی کے مشیر جان کربی نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے پر امریکی ٹیم کو مبارکباد دی، جبکہ امریکی سینیٹ کے اکثریتی رہنما چک نے پاکستان کے خلاف ناقابل یقین کامیابی پر ٹویٹ کیا۔