• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان میں آپریشن، کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 دہشت گرد ہلاک

مردان،پشاور(این این آئی+مانیٹرنگ ڈیسک) مردان میں سیکورٹی فورسز اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)نے مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 4دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ میں آپریشن کیا، چاروں جوابی کارروائی میں مارے گئے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کو ضلع مردان میں ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے تھانہ چورہ کی حدود میں مشترکہ آپریشن کیا، اس دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی ،سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر صوبےکےمختلف شہروں میں 78انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے۔ آپریشن کے دوران 3دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ فیصل آباد سے داعش کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر 2دہشتگردوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ گرفتار دہشتگردوں کی شناخت عبدالوہاب، سیف اللہ اور خرم عباس کے نام سے ہوئی۔ترجمان کے مطابق دہشتگردوں سے دھماکا خیز مواد،3 ڈیٹونیٹر، 8 فٹ حفاظتی فیوز وائر، 2آئی ای ڈی بم ، گولیاں اور اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔ حکام کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔ رواں ہفتے 952کومبنگ آپریشنز کے دوران 506مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کومبنگ آپریشنز میں 32056مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

اہم خبریں سے مزید