کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر )جماعت اسلامی کے تحت شہر میں لوڈشیڈنگ،مہنگی بجلی ٗ آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس پر دھرنا چوتھے دن بھی جاری رہا، دھرنے کے چوتھے روزحلقہ خواتین کراچی کے تحت گورنر ہاؤس کے سامنے خواتین دھرنا و جلسہ عام کا انعقا دکیا گیا ،جس میں شہر بھر کی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، خواتین کی ہمراہ بچے اور بچیاں بھی موجود تھیں۔خواتین دھرنا وجلسہ عام سے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی،ناظمہ کراچی جاوداں فہیم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نائب ناظمہ کراچی فرح عمران،ناظمہ ضلع جنوبی شبنم امیر،ناظمہ ضلع قائدین نزہت ذاکرودیگر خواتین ذمہ داران بھی موجود تھیں۔دھرنے میں خواتین کی جانب سے دھرنا جھولی فنڈ بھی جمع کیا گیا جوجاوداں فہیم نے منعم ظفر کے حوالے کیا۔دھرنے میں شہرکے مختلف علاقوں سے آنے والی خواتین نے مقامی مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا اوراپیل کی کہ جماعت اسلامی ان کے حل میں اپنا کردار اداکرے۔علاوہ ازیں امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے دھرنے کے چوتھے دن کے آغاز میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا اورصحافیوں کو جماعت اسلامی کی حق دو عوام تحریک کے حوالے سے بریفنگ دی۔منعم ظفر خان نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پر امن مزاحمت اور جدوجہد سے ہی مسائل حل ہوں گے،حکمران ہوش کے ناخن لیں، ایسا نہ ہو کہ جیسے بنگلہ دیش کے عوام نے کیا ہے وہ آپ کے ساتھ بھی ہوجائے،گورنر ہاوس پر دھرنے کا آج چوتھا دن ہے، اگر مطالبات نہ مانے گئے تو ہم کراچی کی شاہراہوں پر بھی جائیں گے،ہم کسی بھی قسم کا تصادم نہیں چاہتے۔